فرانس میں تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فوڈ پریزرویٹوز کینسر اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے خطرات بڑھا سکتے ہیں۔
پیرس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فرانس میں کی گئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ فوڈ پریزرویٹوز کینسر کی مختلف اقسام اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے خطرات کو بڑھا سکتے ہیں۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل ریسرچ کی تحقیق میں ایک لاکھ 70 ہزار افراد کی غذائی عادات کا مطالعہ کیا گیا۔
تحقیق میں 58 پریزرویٹوز کے صحت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 6 پریزرویٹوز کا کینسر سے تعلق پایا گیا۔ ان میں سوڈیم نائٹریٹ اور پوٹاشیم نائٹریٹ شامل ہیں، جو کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
مزید برآں، دوسری تحقیق میں پریزرویٹوز اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے درمیان تعلق ثابت ہوا۔ تحقیق میں پایا گیا کہ 17 میں سے 12 پریزرویٹوز ذیابیطس کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھا سکتے ہیں۔
محققین نے تازہ اور کم پراسیس غذاؤں کے استعمال کی تجویز دی ہے تاکہ صحت پر منفی اثرات سے بچا جا سکے۔















