رجب بٹ اور کراچی بار کے وکلا کے درمیان صلح ہوگئی، مقدمات واپس لینے کا اعلان۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یوٹیوبر رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق اور کراچی بار کے وکلا کے درمیان صلح ہوگئی ہے جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف درج مقدمات اور درخواستیں واپس لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعرات کو مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں علی اشفاق نے کہا کہ کراچی بار کے صدر کی ہدایت پر دونوں فریقین نے مل کر درج ایف آئی آرز اور درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ بار قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور ہر قوم، مذہب اور فرقے کی عزت کرتی ہے۔ انہوں نے وکلا کو مشورہ دیا کہ وہ وکالت کریں اور خود پارٹی بننے سے گریز کریں۔
یہ کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب رجب بٹ کو سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران وکلا نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ وکلا نے ان پر ویڈیو میں وکلا برادری پر تنقید کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
کراچی بار کی درخواست پر پنجاب بار کونسل نے میاں علی اشفاق کا لائسنس معطل کیا تھا جو اب بحال ہوچکا ہے۔ اب فریقین نے مقدمات سے دستبرداری اور درخواستیں واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔












