پنجاب میں ہر ضلع میں اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کا اعلان، چار گھنٹے میں فوری علاج کی سہولت۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کے ہر ضلع میں اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت چار گھنٹے کے اندر فالج کے مریض کو اسپتال پہنچا کر علاج فراہم کیا جائے گا تاکہ عمر بھر کی معذوری سے بچا جا سکے۔
پنجاب کے تمام ضلعی اسپتالوں میں جدید اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں ماہر نیورولوجسٹ تعینات ہوں گے۔ ان سینٹرز میں سی ٹی اسکین مشینیں اور فالج کے علاج کے لیے اہم انجکشن دستیاب ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ یہ پروگرام مرحلہ وار نافذ ہوگا، پہلے 30، پھر 15 اور آخر میں باقی 24 ضلعی اسپتالوں میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ فزییشنز کو فوری علاج کی تربیت دی جائے گی۔
عوامی آگاہی مہم کے ذریعے فالج کی علامات اور چار گھنٹے کے گولڈن آور کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی جائے گی تاکہ عوام کو فوری علاج کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے۔















