چین میں والدین نے بچوں کو شادی پر راضی کرنے کے لیے اے آئی ویڈیوز کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق شادیوں کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین میں والدین نے بچوں کو شادی کے لیے راضی کرنے کے واسطے اے آئی ویڈیوز کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے۔ چینی وزارت کے مطابق 2024 میں 61 لاکھ 6 ہزار شادیوں کی رجسٹریشن ہوئی، جو کہ پچھلے سال کی نسبت 20 فیصد کم تھی۔ والدین اس مسئلے سے سب سے زیادہ پریشان ہیں اور اسے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
چینی ویڈیو پلیٹ فارمز جیسے ڈویِن اور ویئبو پر اے آئی سے بنائی گئی ویڈیوز کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ان ویڈیوز میں بوڑھے افراد کو دکھایا جاتا ہے جو جوانی میں شادی نہ کرنے پر پچھتا رہے ہیں۔
ایک وائرل ویڈیو میں اے آئی سے بنائی گئی 58 سالہ خاتون کو اسپتال میں اکیلا دکھایا گیا، جب کہ دیگر مریضوں کی دیکھ بھال ان کے گھر والے کر رہے ہیں۔ ایک اور کلپ میں 56 سالہ خاتون اپنے والدین کے شادی کے مشورے کو نظر انداز کرنے پر پشیمانی کا اظہار کرتی ہیں۔












