سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سیاسی استحکام کیلئے سب کو مل کر بیٹھنے کی ضرورت پر زور دیا، کہا کہ ملک انتشار کی صورت میں ترقی نہیں کرے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار کی صورت میں ترقی ممکن نہیں، سیاسی استحکام کے لیے سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے قومی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو چلانے کے لیے راستہ ڈھونڈنا ضروری ہے، حل تب ہی نکلے گا جب سب اکٹھے ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ مسئلہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا نہیں، بلکہ ملک کی رہائی کا ہے، حالات اتنے خراب ہیں کہ لوگ خود ہی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان، جوڈیشری، اسٹیبلشمنٹ سمیت سب کو مل بیٹھنا ہوگا، ملک پر اشرافیہ کا قبضہ ہے اور اس طرح ملک نہیں چل سکتے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے معاملات درست ہوں گے تو معیشت چلے گی اور بانی کو بھی انصاف ملے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ خرابیوں کو درست کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔














