شاہین آفریدی نے سرحد پار اسپورٹس مین اسپرٹ کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ گراؤنڈ میں ہی جواب دیں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ سرحد پار لوگوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی کمی رہی ہے، اور وہ کوشش کریں گے کہ گراؤنڈ میں ہی ان کو جواب دیا جائے۔
قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، اور ورلڈکپ سے قبل سری لنکا میں سیریز کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ ملک کے لیے اچھا کھیلیں۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز اس مرتبہ بھی اچھا کھیلے گی اور ٹائٹل جیتے گی، ہمارا مقصد جیت کے ساتھ پاکستان کو کرکٹرز مہیا کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے اپنے گھٹنے کی انجری کی نوعیت کو سنجیدہ نہ مانتے ہوئے کہا کہ سوجن ہے، جو جلد ٹھیک ہوجائے گی، اور وہ اگلے ہفتے بولنگ شروع کریں گے۔ بگ بیش لیگ میں بابر اعظم کی بیٹنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں ہے کہ وہ ہر میچ میں ففٹی کریں۔















