بشریٰ انصاری نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے بھیک مانگنے کی مذمت کی اور عوام کو خبردار کیا کہ ان اکاؤنٹس کو فالو نہ کریں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے نام سے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا کر ان کی تصاویر کے ذریعے بھیک مانگی جا رہی ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں عوام کو خبردار کیا کہ ان جعلی اکاؤنٹس کو فالو نہ کریں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ فیک اکاؤنٹس بنانے والے ان کے نام پر بے شرم حرکتیں کر رہے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ غریبوں کی مدد کے لیے این جی او قائم کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی ویڈیو میں ایک جعلی اکاؤنٹ کی نشاندہی بھی کی جس میں ان کی نئی تصویر استعمال کی گئی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ پہلے بھی اس مسئلے پر آواز اٹھا چکی ہیں اور عوام سے درخواست کی کہ ان کے جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ اور بلاک کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کبھی عوام سے فنڈز اکٹھے نہیں کرتیں اور اگر مدد کرتی ہیں تو ذاتی طور پر کرتی ہیں۔















