پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نئی ہدایات جاری کی ہیں، جن کے تحت تعلیمی سیشن مکمل ہونے تک اساتذہ کے تبادلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کی ہیں، جن کے تحت تعلیمی سیشن مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کے تبادلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ تعلیم نے ای ٹرانسفر پالیسی 2024 پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت صرف وہ اساتذہ تبادلے کے اہل ہوں گے جنہوں نے موجودہ تعیناتی پر کم از کم تین سال مکمل کرلیے ہوں۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام میں استحکام پیدا کرنا ہے۔
اساتذہ کو تبادلے سے قبل اپنی تمام تعلیمی اور انتظامی ذمہ داریاں مکمل کرنا لازمی ہوگا، جن میں امتحانی نتائج کی تیاری اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگز کا انعقاد شامل ہے۔ اس کے لیے متعلقہ ہیڈ ٹیچر سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
محکمہ تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ ای ٹرانسفر پالیسی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ذمہ دار ہوگا اور کارروائی کی جاسکتی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔















