آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کا انعقاد لاہور میں 17 سے 19 جنوری کو ہوگا، جس کا مقصد پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں جدت اور ترقی کا نیا دور ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئندہ ماہ لاہور میں 17 سے 19 جنوری تک 27واں آئی ٹی سی این ایشیا 2026 منعقد ہوگا، جس کا مقصد پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں جدت اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔
پاکستان تیزی سے خطے میں ایک جدید آئی ٹی مرکز کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جس کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔
آئی ٹی سی این ایشیا پاکستان کا اہم ٹیکنالوجی ایونٹ ہے، جہاں ملک کا مکمل ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم عالمی پلیٹ فارم پر یکجا ہوگا۔ نمائش میں وفاقی و صوبائی وزراء، پالیسی ساز، صنعتکار، آئی ٹی ماہرین اور بین الاقوامی مندوبین شرکت کریں گے۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ میں 850 سے زائد اسٹالز، 3 ہزار سے زائد عالمی برانڈز اور 350 سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی آمد متوقع ہے۔ یہ نمائش ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے۔
ایونٹ میں عالمی چیف انفارمیشن سیکیوریٹی آفیسر سمٹ، سائبر تھریٹ انٹیلیجنس، اے آئی لیڈرشپ، اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کے فورمز منعقد ہوں گے۔ اس کے ساتھ نوجوانوں کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ ورکشاپس بھی ہوں گی۔















