حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری دو مرحلوں میں کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے میں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو، دوسرے میں حیسکو اور سیپکو شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری دو مرحلوں میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی (فیسکو) شامل ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کی نجکاری کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے اجلاس میں نجکاری کے عمل، جاری اصلاحات اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کی شکار ریاستی اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی کامیاب نجکاری کو دیگر اداروں کے لیے پیش رفت کی علامت قرار دیا۔
وزیراعظم نے نجکاری کمیشن کو ڈیجیٹائز کرنے، نجکاری منصوبوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ اور پبلک ریلیشنز کو مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مارکیٹ سے فنانس، ہیومن ریسورس اور دیگر شعبوں میں ماہرین کی بھرتی کی جائے گی۔















