نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن معطل، سولر صارفین کاحکومت اور نیپرا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

لیسکو نے نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن بند کر دی، متاثرہ صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
سولر صارفین کی نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن معطل

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے نیپرا کے نوٹس کے باوجود سولر صارفین کی نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن روک دی ہے، جس سے نئی درخواستیں وصول نہیں کی جا رہیں۔

متاثرہ صارفین نے بتایا ہے کہ وہ نیٹ میٹرنگ کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، مگر انہیں واضح جواب نہیں دیا جا رہا جس سے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

پاکستان سولر ایسوسی ایشن نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور نیپرا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین وقاص موسیٰ نے کہا کہ ڈسکوز کی جانب سے سولر پر پابندیاں سولر کاروبار کو تباہ کر رہی ہیں اور دنیا میں ایسا نہیں ہوتا کہ پالیسی تبدیلی کے اعلان پر سارا کام روک دیا جائے۔

وقاص موسیٰ نے بتایا کہ لوگوں نے رقم خرچ کر کے سولر پینل نصب کیے ہیں، مگر نیٹ میٹرنگ نہیں ہو رہی۔ لیسکو کے صارفین مہینوں سے نیٹ میٹرنگ میٹرز کے انتظار میں ہیں، جبکہ میٹرز کی منظوری بھی روک دی گئی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بجلی کی کمپنیاں نیٹ میٹرنگ کی حوصلہ شکنی کر رہی ہیں، جس سے سولر انڈسٹری کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں