آرامکو نے سعودی عرب میں پیٹرول 98 متعارف کرانے کا اعلان کیا، جو اسپورٹس اور ہائی پرفارمنس گاڑیوں کے لیے موزوں ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو نے ہائی پرفارمنس اور اسپورٹس گاڑیوں کے لیے پیٹرول 98 متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ جنوری 2026 سے یہ ایندھن مرحلہ وار سعودی مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔
آرامکو نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں پیٹرول 98 ریاض، دمام اور جدہ کے پیٹرول پمپس پر دستیاب ہوگا، جبکہ ان شہروں کو ملانے والی اہم شاہراہوں پر بھی فراہم کیا جائے گا۔ یہ ایندھن خاص طور پر اسپورٹس گاڑیوں اور جدید ہائی پرفارمنس انجنوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرول 98 جدید انجن ٹیکنالوجی کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آرامکو نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں طلب اور صارفین کے رجحان کا جائزہ لینے کے بعد اس پیٹرول کی دستیابی کو دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔
آرامکو کے مطابق پیٹرول 98 کی قیمت کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی اور دیگر فیول مصنوعات کی طرح اس کی قیمتوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے گا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پیٹرول 98 کے اجرا سے سعودی عرب میں اسپورٹس اور لگژری گاڑیوں کے صارفین کو ایک نیا اور معیاری آپشن میسر آئے گا۔












