سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے سیشن جج کیس منتقل کرنے کے حکم کو کالعدم کرتے ہوئے قصور کے سیشن جج کے فیصلے کو بحال کردیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے سیشن ججز اختیارات سے متعلق کیس کی اپیل منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے سیشن جج کیس منتقل کرنے کے حکم کو کالعدم کرتے ہوئے سیشن جج قصور کے فیصلے کو بحال کردیا ہے۔ وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا کہ سیکشن 526 کے تحت سیشن جج چارج فریم کرنے سے پہلے مقدمہ ٹرانسفر کا اختیار رکھتا ہے۔
مدعی کے وکیل نے مزید کہا کہ سیکشن 528 کے تحت بھی سیشن جج فیصلہ سنانے سے پہلے مقدمہ ٹرانسفر کرسکتا ہے، تاہم ان کے فیصلے پر کچھ اعتراضات ہیں۔ مدعی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ 25-30 کلومیٹر دور دوسرے مجسٹریٹ کے پاس منتقل کیا گیا ہے اور سڑک کی حالت خراب ہے۔
جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کیا حکومت کو سڑک بنانے کا کہہ دیں؟ سیشن جج قصور نے ملزمان کی درخواست پر مقدمہ منتقل کیا تھا جبکہ مدعی نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جو سیشن جج کے حکم کو ختم کرتے ہوئے مقدمہ واپس بھجوانے کا حکم دیا تھا۔














