دبئی میں آئی ایل ٹی 20 کے فائنل میں نسیم شاہ اور کیرون پولارڈ کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی، جس کے بعد ڈیزرٹ وائپرز نے ایم آئی ایمریٹس کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی ایل ٹی 20 کے فائنل کے دوران نسیم شاہ اور ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی۔
یہ واقعہ اننگز کے 11ویں اوور میں پیش آیا جب پولارڈ کی گیند ڈیفنس کے دوران سیدھی نسیم شاہ کی جانب گئی۔ نسیم نے گیند اٹھاتے ہوئے مسکراہٹ کے ساتھ پولارڈ کی طرف دیکھا، جس پر پولارڈ نے جارحانہ ردعمل ظاہر کیا۔ امپائرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے بیٹر جیسن رائے نے معاملہ رفع دفع کیا۔
نسیم شاہ نے بعد میں اپنی بولنگ سے جواب دیا اور 16ویں اوور کی پہلی گیند پر پولارڈ کو آؤٹ کر کے اسے 28 رنز تک محدود کر دیا۔ یہ وکٹ ایم آئی ایمریٹس کے امیدوں کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔
ڈیزرٹ وائپرز نے ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا آئی ایل ٹی 20 ٹائٹل جیتا۔ نسیم شاہ کی شاندار بولنگ اور کپتان سیم کرن کی ناقابل شکست نصف سنچری فتح کی اہم وجوہات رہیں۔
میچ کے بعد نسیم شاہ نے کہا کہ یہ فتح پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے اور ٹیم ورک نے بہترین نتائج دیے۔















