ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گرین لینڈ پر دھمکی آمیز بیانات بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوپن ہیگن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گرین لینڈ پر قبضے یا دھمکی آمیز بیانات دینا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ڈنمارک یا گرین لینڈ پر قابو پانے کا کوئی حق حاصل نہیں اور قریبی اتحادی کے خلاف ایسی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔
ڈنمارک کی وزیراعظم نے واضح کیا کہ گرین لینڈ اور اس کے عوام فروخت کے لیے نہیں ہیں اور کسی بھی ملک کے لیے انہیں ضم کرنے کی بات بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ایک تاریخی اتحادی کے خلاف دھمکیاں بند کرنی چاہئیں۔
یہ بیان وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ وینزویلا کے معاملات مستقل طور پر سنبھالے گا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہمیں گرین لینڈ کی ضرورت ہے، دفاع کے لیے، معدنیات کے لیے نہیں۔
گرین لینڈ کے وزیر اعظم جینز فریڈرک نلسن نے کیٹی ملر کی غیر احترام آمیز پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کے تعلقات باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین پر مبنی ہوتے ہیں۔ ڈنمارک کے امریکی سفیر جیسر مولر سیرنسن نے دوستانہ انداز میں یاد دلایا کہ ان کا ملک آرکٹک میں سیکیورٹی کی کوششیں بڑھا چکا ہے اور واشنگٹن کے ساتھ تعاون جاری ہے۔












