امریکی رپورٹ میں افغانستان جنگ پر 763 ارب ڈالر خرچ کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ تعمیر نو اور افغان سیکیورٹی فورسز کے لیے اربوں ڈالر مختص کیے گئے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی انسپیکٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے 2001 سے 2021 تک افغانستان میں جنگی کارروائیوں پر 763 ارب ڈالر خرچ کیے۔ اس دوران تعمیر نو کے لیے 144.7 ارب ڈالر مختص کیے گئے، جن میں سے 137.3 ارب ڈالر استعمال ہوئے۔ رپورٹ میں افغان حکومت کو دوحہ مذاکرات میں نظرانداز کرنے اور ریاستی ڈھانچے کی کمزوری کا ذکر ہے۔ کرپشن کو تعمیر نو میں بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، افغان سیکیورٹی فورسز کے لیے 90 ارب ڈالر مختص کیے گئے لیکن غیر ملکی افواج پر انحصار ختم نہ ہوا اور امریکی انخلا کے بعد فورسز بکھر گئیں۔ افغان سیکیورٹی اداروں میں گھوسٹ ملازمین اور ایندھن کی چوری کی نشاندہی کی گئی۔
امریکی انخلا کے بعد افغان مہاجرین کی منتقلی کے لیے 14.2 ارب ڈالر مختص کیے گئے، جبکہ سقوطِ کابل کے بعد طالبان حکومت کو 3.83 ارب ڈالر امداد دی گئی۔












