وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ظلم اور فسطائیت کے نظام میں ترقی ممکن نہیں، قوم کی تعمیر کے لیے عدل و انصاف ضروری ہیں۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ظلم اور فسطائیت کے نظام میں صرف سڑکیں بنتی ہیں، قومیں نہیں۔ قومیں تب بنتی ہیں جب امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون اور عدل و انصاف کا نظام ہو۔
پشاور میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے دو روزہ صحت آگہی کانفرنس میں شرکت کے دوران سہیل آفریدی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں 100 فیصد آبادی کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نیوٹریشن کے شعبے کے لیے وسائل میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ صحت اور تعلیم عوامی فلاح سے جڑے شعبے ہیں، ان پر ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ نظام کو اکیلے نہیں بدلا جا سکتا، ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلانا ضروری ہے، ذمہ داری سے انحراف بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت گورننس اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو مؤثر اور شفاف بنا رہی ہے۔














