امریکا نے وینزویلا پر حملہ کرکے صدر مادورو کو گرفتار کر لیا ہے، وینزویلا حکومت نے امریکی حملوں کو تیل اور معدنیات پر قبضے کی کوشش قرار دیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے کی گئی۔
وینزویلا کے نائب صدر ڈیلسے روڈریگز نے کہا ہے کہ حکومت کو صدر مادورو کے موجودہ ٹھکانے کا علم نہیں اور امریکی صدر سے ان کے زندہ ہونے کا ثبوت مانگا ہے۔
وینزویلا حکومت نے امریکی حملوں کو اپنے تیل اور معدنیات پر قبضے کی کوشش قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔ حملے کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں ہوئے ہیں۔
روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ کولمبیا کے صدر نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے وینزویلا کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے امریکی حملے کی مذمت کرنے کی اپیل کی ہے۔












