محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی پیشگوئی کی ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند رہے گی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی پیشگوئی کی ہے۔ کراچی میں آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔
آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد، مری اور گلیات میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ملتان، بہاولپور، جھنگ، شورکوٹ، کوٹ ادو، بہاولنگر، خان پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں دھند کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے ملک میں شدید دھند کے لیے آئندہ تین روز کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیرآباد، موہنجوداڑو، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں اور ڈی آئی خان میں دھند کی توقع ہے۔














