پشاور میں ٹریفک دباؤ کم کرنے کے لیے نئے قوانین نافذ کیے گئے ہیں، غیر رجسٹرڈ ٹیکسیز پر کارروائی ہوگی۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور کی انتظامیہ نے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ تمام نجی ٹیکسیز کو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹر کروانا لازمی ہوگا اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں شہر کی ٹریفک صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور 100 سے زائد غیر قانونی ٹرانسپورٹ آپریشنز کو بند کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چارساڈہ اور کوہاٹ روڈز پر غیر ضروری یو ٹرن بند کرنے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ افسران کی مشترکہ ٹیمیں غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔ ٹرک اور دیگر مال بردار گاڑیوں پر رات 10 بجے سے پہلے شہر کی سڑکوں میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے۔
یہ اقدامات پشاور کے شہریوں کے لیے بہتر اور محفوظ ٹرانسپورٹ نظام کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔














