پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں شدید دھند کے باعث موٹرویز بند، ٹریفک حادثات کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد شدید دھند چھا گئی۔ دھند کے باعث موٹر ویز اور ہائی ویز پر گاڑیاں چلانا خطرناک ہوگیا ہے، حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک روک دی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں موٹرویز بند کردی گئی ہیں، جن میں ایم ون پشاور ٹال پلازہ سے برہان، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر، ایم 3 فیض پور سے درخانہ، ایم 4 شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم 5 روہڑی سے شیر شاہ شامل ہیں۔ ایم الیون پر بھی ٹریفک معطل ہے۔
لاہور کا فضائی معیار آج بہتر ہے، تاہم فیصل آباد اور شیخوپورہ میں فضا مضر صحت قرار دی گئی ہے۔ نواب شاہ میں مہران ہائی وے پر شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثہ ہوا جس میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔














