نیٹ فلکس کو ‘اسٹرینجر تھنگز’ کے فائنل ایپی سوڈ کے دوران تکنیکی خلل کا سامنا کرنا پڑا، جس سے مداحوں کو مشکلات پیش آئیں۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیٹ فلکس کو ‘اسٹرینجر تھنگز’ سیزن 5 کے فائنل ایپی سوڈ کے آغاز پر عارضی تکنیکی خلل کا سامنا کرنا پڑا، جس سے مداحوں کو مشکلات پیش آئیں۔
یہ واقعہ 31 دسمبر 2025 کی شام پیش آیا جب دنیا بھر کے مداح فائنل قسط دیکھنے کے لیے تیار تھے۔ اس سائنس فکشن سیریز کی کہانی 1980 کی دہائی کے ہاکنز، انڈیانا پر مبنی ہے اور یہ بچوں کی مافوق الفطرت مخلوقات کے خلاف جدوجہد کی داستان بیان کرتی ہے۔
مداحوں نے قسط چلانے کی کوشش کی تو انہیں ایرر میسج ملا، جس میں کہا گیا، ‘کچھ غلط ہو گیا ہے’ اور دیگر مواد دیکھنے کی تجویز دی گئی۔ مسئلہ چند منٹوں تک برقرار رہا اور اکثر صارفین ریفریش کرنے کے بعد ہی قسط دیکھ پائے۔
یہ دوسری بار ہے کہ نیٹ فلکس کو ‘اسٹرینجر تھنگز’ کے دوران تکنیکی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل 26 نومبر 2025 کو بھی ایسا مسئلہ سیزن کی ابتدائی قسطوں کے وقت پیش آیا تھا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کیا اور غیر متوقع کریش پر ناراضی کا اظہار کیا۔ سیریز کے آخری لمحات کو لے کر مداح اور ناقدین دونوں ہی جوش و خروش سے اپنے تاثرات شیئر کر رہے ہیں۔















