پنجاب حکومت نے زبانی لین دین پر زمین کے انتقال پر پابندی عائد کرتے ہوئے رجسٹرڈ دستاویزات کو لازمی قرار دیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے زمین کے ریکارڈ میں غیر قانونی اور جعلی انتقالات کی روک تھام کے لئے زبانی لین دین پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، اور اب زمین کا انتقال صرف رجسٹرڈ دستاویز پر ہی ممکن ہوگا۔
بورڈ آف ریونیو پنجاب نے پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعات کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں اب زبانی لین دین، بیان یا دعوے پر کوئی موٹیشن درج یا منظور نہیں ہوگی۔ وراثت کے کیسز کے سوا ہر قسم کے انتقال کے لئے رجسٹرڈ دستاویزات ضروری ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خرید و فروخت، رہن، تبادلہ اور ہبہ صرف رجسٹرڈ انسٹرومنٹ پر ہی قابل قبول ہوں گے۔ غیر رجسٹرڈ معاہدے یا اسٹامپ پیپر پر انتقال درج نہیں کیا جائے گا، اور تمام ریونیو افسران کو نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔ خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔














