عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں چکن گونیا کے 5 لاکھ 2 ہزار 264 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 186 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جنیوا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 10 تک دنیا بھر میں 5 لاکھ 2 ہزار 264 چکن گونیا کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں 186 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق چکن گونیا کا خطرہ درمیانہ ہے اور یہ بیماری ان علاقوں میں پھیل رہی ہے جہاں پہلے کم یا بالکل نہیں تھی۔
رپورٹ کے مطابق کیسز کے ابھرنے کی وجوہات میں ایڈیز مچھر کی موجودگی، محدود آبادی کی قوت مدافعت، سازگار ماحولیاتی حالات اور انسانی نقل و حرکت کا اضافہ شامل ہیں۔ چکن گونیا زیادہ تر گرم علاقوں میں پایا جاتا ہے اور اس کی علامات میں اچانک بخار اور جوڑوں کا درد شامل ہیں۔
اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز میں 2 لاکھ 8 ہزار 335 تصدیق شدہ جبکہ 2 لاکھ 9 ہزار 929 مشتبہ کیسز ہیں، جو 41 ممالک میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکہ میں 2 لاکھ 91 ہزار 451 کیسز اور 141 اموات ہوئی ہیں، جبکہ یورپ میں 56 ہزار 986 کیسز اور 43 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ شدید بیماری اور پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، خاص طور پر نومولود بچوں، چھوٹے بچوں، حاملہ خواتین، بزرگ افراد اور دیگر بیمار افراد کے لیے۔














