آئی جی سندھ نے سال نو پر شہریوں کو ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسپکٹر جنرل سندھ غلام نبی میمن نے سال نو کے موقع پر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی اور ون ویلنگ سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہیں، لہٰذا شہری ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔
آئی جی سندھ نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ سال نو کے موقع پر حساس مقامات پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کو شاہراہوں، بازاروں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال یقینی بنائی جا سکے اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سال نو کے موقع پر تمام زونز اور اضلاع میں کنٹرول رومز اور ہیلپ لائنز متحرک رہیں گی تاکہ شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔















