مری میں نئے سال پر دفعہ 144 نافذ، فیملیز کو داخلے کی اجازت، بیچلرز دیگر مقامات پر جا سکتے ہیں۔ بارشوں اور برف باری کا امکان، ہائی وے الرٹ۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مری میں نئے سال کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت 2 روز تک مری مال روڈ پر صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سیاح فیملیز کو پُرامن ماحول فراہم کرنا ہے، جبکہ بیچلر ٹورسٹ مری کے دیگر مقامات پر جا سکتے ہیں۔
ملکہ کوہسار مری اس وقت گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے اور نئے سال کی خوشیاں منانے کے لیے سیاحوں کی آمد شروع ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 2 جنوری تک بارشوں اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ ہائی وے پنجاب نے متوقع برف باری پر الرٹ جاری کر دی ہے اور اعلیٰ حکام نے ہدایت کی ہے کہ برف ہٹانے کے لیے مشینری ہمہ وقت فعال رکھی جائے۔














