پنجاب حکومت نے فسادات اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس کو 20 آرمرڈ گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے فسادات، احتجاج اور دہشت گردی جیسے خطرناک حالات سے نمٹنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب پولیس کے لیے 20 محافظ وی آرمرڈ سکیورٹی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔ یہ خریداری 1 ارب 20 کروڑ 36 لاکھ روپے کی لاگت سے کی جائے گی۔
سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی نے کہا کہ ایک آرمرڈ سکیورٹی وہیکل کی قیمت 6 کروڑ 1 لاکھ 80 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمرڈ گاڑیوں کی کمی کے باعث پولیس کی فوری اور موثر کارروائی کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے جس کی وجہ سے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق ان گاڑیوں کی خریداری سے پولیس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور فسادات، احتجاج اور دہشت گردی جیسی ہائی رسک صورتحال میں اہلکاروں اور شہریوں کا تحفظ یقینی بن سکے گا۔ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ شہروں میں فوری رسپانس کے لیے آرمرڈ سکیورٹی وہیکلز تعینات کی جائیں۔















