ٹرمپ نے ویسٹ پام بیچ میں نیتن یاہو سے ملاقات میں مغربی کنارے کی اسرائیلی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
ویسٹ پام بیچ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اعلیٰ حکام نے ویسٹ پام بیچ میں اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران مغربی کنارے کی بستیوں میں اسرائیل کی بعض پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات میں امریکی حکام نے خاص طور پر مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے پر اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے اسرائیلی بستیوں کی توسیع اور فلسطینی اتھارٹی کے ٹیکس فنڈز کی بندش کے باعث پیدا ہونے والے مالی بحران پر بھی تشویش ظاہر کی۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ نیتن یاہو سے مغربی کنارے کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور امید ظاہر کی کہ اسرائیلی وزیرِاعظم درست فیصلہ کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر باضابطہ تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔














