پاکستان کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کا اعلان، چین سے مالی تعلقات میں پیشرفت

پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کرے گا، جو پاک چین مالی تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کا اعلان، چین سے مالی تعلقات میں پیشرفت

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کرے گا، جو پاک چین مالی تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے پاکستان کو چینی کیپیٹل مارکیٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔

محمد اورنگزیب نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پانڈا بانڈ کے اجراء کی تیاری پاک چین تعلقات کی وسیع اقتصادی شراکت داری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانڈا بانڈ کے اجراء سے پاکستان کا ڈالر پر انحصار کم ہوگا اور عالمی مالیاتی سطح پر پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔

وفاقی وزیر کے مطابق، پانڈا بانڈ کے حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردِعمل کی توقع ہے اور یہ اقدام پاکستان کو دنیا کی دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ سے جوڑ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور تجارتی حجم 17 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

سی پیک کے بارے میں وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کا اہم ستون ہے، جس کے دوسرے مرحلے میں بزنس ٹو بزنس تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری مضبوط ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی روڈ میپ طے کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اہم ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔

دیگر متعلقہ خبریں