خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافہ، 1,276 نئے مریض رجسٹر۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی ایچ آئی وی کنٹرول پروگرام کے مطابق، اس سال 1,276 نئے کیسز رجسٹر ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر 39,702 افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر اپنے مرض سے لاعلم ہیں۔
صوبے کی ساڑھے چار کروڑ سے زائد آبادی کے لیے صرف تیرہ ایچ آئی وی سینٹرز دستیاب ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کے لیے طبی سہولیات تک رسائی محدود ہو چکی ہے۔
پشاور میں 1,877 کیسز کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جبکہ بنوں دوسرے نمبر پر ہے جہاں 988 کیسز رجسٹر ہوئے ہیں۔ صوبے میں 6,448 مرد، 2,119 خواتین، 197 خواجہ سرا، 258 بچے اور 187 بچیاں ایچ آئی وی پازیٹیو ہیں۔
ڈاکٹر جلال خان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کے کیسز کا بڑھنا تشویشناک ہے۔ تحصیل سطح کے طبی مراکز میں ایچ آئی وی کی سکریننگ سے بروقت شناخت ہو سکتی ہے، جو بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق، پشاور کے صرف دو بڑے ہسپتالوں میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 4,500 سے تجاوز کر چکی ہے، جو صوبے میں صحت عامہ کے خطرات کو ظاہر کرتی ہے۔















