سال 2026 کا پہلا سپر مون 3 جنوری کو اپنی بھرپور روشنی کے ساتھ نمودار ہوگا، جو وولف مون کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فلکیاتی شائقین کے لیے سال 2026 کا آغاز ایک دلکش فلکیاتی مظاہرے کے ساتھ ہوگا۔ 3 جنوری کو مکمل چاند اپنی بھرپور روشنی اور جسامت کے ساتھ نمودار ہوگا، جسے وولف مون کہا جاتا ہے۔ یہ منظر سورج غروب ہونے کے فوراً بعد دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موقع پر چاند زمین کے قریب ترین مقام پر ہوگا، جس کے باعث وہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے گا۔ سپر مون کے دوران چاند کی چمک آسمان کو مسحور کن منظر میں تبدیل کر دیتی ہے اور اس کے لیے کسی خاص آلات کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ماہرین کے مطابق 2026 میں مزید دو سپر مون بھی نومبر اور دسمبر میں دیکھنے کو ملیں گے، جو فلک شناسوں اور عام افراد کے لیے یادگار تجربہ ثابت ہوں گے۔
فلکیاتی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شام کے وقت کھلی جگہوں اور صاف افق والے علاقوں کا انتخاب کریں، تاکہ سپر مون کو بآسانی دیکھا جا سکے۔















