گوگل رپورٹ کے مطابق 2025 میں پاکستانی صارفین نے بھارتی کرکٹر ابھشیک شرما، عمران خان اور دیگر شخصیات کو سب سے زیادہ تلاش کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گوگل نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کر دی جس میں 2025 میں پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کی سرچ ترجیحات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی صارفین نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
رپورٹ میں یہ دلچسپ حقیقت سامنے آئی ہے کہ بھارتی کرکٹر ابھشیک شرما اس سال سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹ بن کر ابھرے ہیں۔ مقامی کرکٹ کے حوالے سے بھی صارفین نے حسن نواز، عرفان خان نیازی، صاحبزادہ فرحان، محمد عباس اور صائم ایوب جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے بارے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اعداد و شمار کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان 2025 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پاکستانی شخصیت رہے، جس سے سیاسی منظر نامہ کی عوامی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔ شعیب اختر اور عاطف اسلم بھی نمایاں رہے۔
شوبز انڈسٹری میں اداکارہ ماہرہ خان، اقرا عزیز اور ہانیہ عامر انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول رہیں جبکہ مرد اداکاروں میں فہد مصطفیٰ اور وہاج علی سرفہرست رہے۔ دانش تیمور بھی اپنے ڈرامہ ‘شیر’ کی کامیابی کی وجہ سے خبروں میں رہے۔
یہ اعداد و شمار عوامی پسند کی عکاسی کرتے ہیں اور نئے اسٹارز کی مقبولیت کا اشارہ بھی دیتے ہیں۔















