موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث لاہور-سیالکوٹ موٹروے اور ایم 3 کو بند کر دیا ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) موٹروے پولیس نے لاہور-سیالکوٹ موٹروے کو شدید دھند کے باعث بند کر دیا ہے۔ موٹروے ایم 3 بھی فیض پور سے سمندری تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی انتہائی خطرناک ہے اور یہ حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈرائیورز اور مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موٹروے پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صرف محفوظ اوقات میں سفر کریں۔
آج رات مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے واضح کیا کہ دھند میں محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت موزوں ہے، اس دوران ڈرائیورز کی توجہ اور رفتار پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔
شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال میں پولیس اور ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔














