لاہور میں بسنت 2026 کے موقع پر پتنگ بازی کی مشروط اجازت دی گئی ہے، جس کے لیے حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے بسنت 2026 کے موقع پر پتنگ بازی کی مشروط اجازت دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ تہوار 6، 7 اور 8 فروری کو منایا جائے گا، جس کے لیے سخت شرائط اور حفاظتی اقدامات کی ہدایات دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پتنگ بازی کے دوران صرف روایتی ‘پنا’ کی ڈور استعمال کی جا سکے گی، جبکہ نائلون، پلاسٹک اور کیمیکل کوٹنگ والی ڈور پر پابندی ہوگی۔ غیر قانونی ڈور کی تیاری اور فروخت روکنے کے لیے کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا ہے۔
موٹر سائیکل سواروں کے لیے بائیک پر حفاظتی تار لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پتنگ اور گڈے کے سائز پر بھی پابندی ہوگی۔ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بسنت لاہور کا ثقافتی تہوار ہے اور انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ کاروباری حضرات 30 دسمبر سے قانونی کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔













