جیمز کیمرون نے اواتار سیریز کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر نئی فلم کی تجارتی کامیابی ضروری ہے اور اواتار 4 اور 5 کے بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
لاس اینجلس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ہالی ووڈ کی مشہور فلم اواتار کے ہدایتکار جیمز کیمرون نے نئی فلم ‘اواتار: فائر اینڈ ایش’ کی ریلیز کے بعد فرنچائز کے مستقبل پر خاموشی توڑ دی ہے۔
71 سالہ جیمز کیمرون نے انٹرٹینمنٹ ویکلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اواتار کی کہانی فائر اینڈ ایش کے بعد بھی آگے بڑھے گی یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے، لیکن ہر نئی فلم کے ساتھ اس کی تجارتی کامیابی کو ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے۔
جیمز کیمرون کا کہنا تھا کہ اگر اواتار 4 اور 5 نہ بن سکیں تو وہ مداحوں کو باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے آگاہ کریں گے کہ کہانی کو کس سمت میں لے جایا جانا تھا۔
کیمرون نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اواتار فلموں کو ناول کی شکل میں ڈھالنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ کہانی کے اصل اور مستند ریکارڈ کو محفوظ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب، اواتار: فائر اینڈ ایش نے امریکا میں چھٹیوں کے دوران 153.6 ملین ڈالرز کمائے اور کئی باکس آفس ریکارڈز توڑے۔ فلم عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔















