گوادر کی مغربی خلیج میں بوٹل نوز ڈولفن مچھلیاں دیکھی گئی ہیں، جہاں سمندری پانی سبز ہو چکا ہے۔
گوادر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خوراک کی تلاش میں بوٹل نوز ڈولفن مچھلیاں گوادر کی مغربی خلیج میں دیکھی گئی ہیں، جہاں سمندری پانی غیر معمولی سبز رنگ اختیار کر چکا ہے۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے مطابق نوکٹیلوکا بلوم نامی سمندری عمل نے پاکستان کے ساحلوں پر پانی کو سبز کر دیا ہے، جو کراچی سے ایران تک پھیل چکا ہے۔
مقامی ماہی گیر امیر داد خان نے بتایا کہ بلوچستان کے ساحل کے ساتھ جھینگوں کے شکار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو سمندری حالات کے مستحکم ہونے کی علامت ہے۔ بلوچستان کے ڈائریکٹر میرین فشریز احمد ندیم نے بھی ڈولفنز کی بڑی تعداد دیکھے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان نے وضاحت کی کہ سمندری رنگ کی تبدیلی عموماً غیر زہریلی ہوتی ہے اور آبی حیات کی پیداوار میں اضافہ کرتی ہے۔
محمد معظم خان کے مطابق گوادر کی مغربی خلیج میں ڈولفنز کی موجودگی ایک حوصلہ افزا علامت ہے، جو سمندر کے سبز ہونے کے باوجود علاقے کے سمندری حیاتیاتی تنوع کو منفی طور پر متاثر نہیں کرتی۔















