کمپٹیشن کمیشن نے 2025 میں مختلف صنعتوں میں کارٹلائزیشن کے خلاف کارروائیاں کیں، چینی، اسٹیل، پولٹری، کھاد، اور تعلیم کے شعبوں پر جرمانے عائد کیے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے 2025 میں کارٹلائزیشن اور اجارہ داری کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
چینی، اسٹیل، پولٹری، کھاد، تعلیم، ٹرانسپورٹ، اور بجلی کی صنعتوں میں کارٹل بنانے پر سخت اقدامات کیے گئے۔ شوگر انڈسٹری میں پنجاب کی دس شوگر ملز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے جبکہ اسٹیل کے شعبے میں دو کمپنیوں پر ڈیڑھ ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
تعلیمی شعبے میں والدین کو مخصوص وینڈرز سے مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور کرنے پر 17 نجی اسکولوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ پولٹری سیکٹر میں آٹھ ہیچریز پر 155 ملین روپے کا جرمانہ عائد ہوا جبکہ کھاد کے شعبے میں چھ یوریا کمپنیوں پر 37 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ریٹ فکسنگ پر ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن پر پچاس لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اشتہارات کے شعبے میں کارٹل بنانے پر چھاپے مار کر شواہد حاصل کیے گئے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف بولیوں میں رگنگ کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں۔ کمپٹیشن کمیشن نے ان کیسز کی موثر پیروی کی ہے، جن میں عدالتوں نے کارٹلائزیشن کے خلاف کمیشن کے مؤقف کو برقرار رکھا ہے۔















