لکھنو میں دو بہنوں نے پالتو کتے کی بیماری پر ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کر لی۔ دونوں بہنیں کتے کی دیکھ بھال میں دلچسپی رکھتی تھیں۔
لکھنو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لکھنو کے علاقے ڈوڈا کھیڑا جلال پور میں دو بہنوں نے اپنے پالتو کتے کی بیماری کے باعث ذہنی دباؤ میں خودکشی کر لی۔ دونوں بہنیں، 26 سالہ رادھا سنگھ اور 22 سالہ جیا سنگھ، مبینہ طور پر فینائل پی کر جان سے گئیں۔
پولیس کو اسپتال سے اطلاع ملی تھی کہ دونوں بہنوں نے فینائل پینے کے بعد خودکشی کی، اس کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ اہل خانہ کے مطابق دونوں بہنیں پہلے ہی ذہنی دباؤ کا شکار تھیں اور اپنے بیمار پالتو کتے کی حالت نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں بہنوں نے حال ہی میں ایک کتے کو گود لیا تھا اور اس کی دیکھ بھال میں بہت دلچسپی رکھتی تھیں۔ رادھا سنگھ ٹی بی کی بیماری کے باعث ڈپریشن میں مبتلا تھی جبکہ جیا سنگھ 2014 سے ذہنی تناؤ کا شکار تھی۔
گھر والوں نے بتایا کہ پالتو کتا گزشتہ ایک ماہ سے شدید بیمار تھا، جس کی وجہ سے دونوں بہنوں کا ذہنی دباؤ بڑھ گیا اور انہوں نے اپنی زندگیاں ختم کرنے کا انتہائی اقدام اٹھایا۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔














