پاکستان میں آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کی پیشگوئی، درجہ حرارت میں کمی کا امکان۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ ہفتے بارش، آندھی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ یہ سلسلہ 29 دسمبر کی رات سے شروع ہوگا اور 2 جنوری تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 29 دسمبر کی رات کو ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا جس کے بعد 30 دسمبر سے بارش کا آغاز ہوگا۔ پنجاب اور اسلام آباد میں 30 دسمبر کی شام سے 2 جنوری کی صبح تک بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں 30 دسمبر کو ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے جبکہ بلوچستان میں 29 دسمبر کی رات سے 31 دسمبر تک بارش اور برفباری ہوگی۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، اور دیگر علاقوں میں 30 دسمبر سے 1 جنوری تک بارش اور برفباری ہوگی جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 30 دسمبر کی شام سے 2 جنوری کی صبح تک بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ناران، کاغان، اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کی صورت حال کی وارننگ دی ہے اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔













