امریکا کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں، ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔ نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹی کٹ میں برفباری نے نظام زندگی متاثر کر دیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
امریکا کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں آ گئی ہیں، جس سے نظام زندگی متاثر ہو گیا ہے۔ نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹی کٹ میں برف کی موٹی تہہ نے سڑکوں کو ڈھانپ لیا، جبکہ سرد ہواؤں اور برفباری نے حد نگاہ کو کم کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیویارک سٹی کے سینٹرل پارک میں 4.3 انچ برف ریکارڈ کی گئی، جو جنوری 2022 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ شدید موسم کے باعث 2100 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔
نیوجرسی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ نیشنل ویدر سروس نے نیویارک اسٹیٹ اور کنیکٹی کٹ میں برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی ہے۔ نیویارک کے گورنر نے بھی ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔ ریسکیو ادارے ہنگامی اقدامات میں مصروف ہیں، تاہم آئندہ گھنٹوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔














