ناسا کی ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ نے زمین سے ایک ہزار نوری سال دور ایک دیوہیکل ڈسک کی تصاویر جاری کی ہیں جہاں نئے سیارے بن رہے ہیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ناسا کی ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ نے ایک دیوہیکل ڈسک کی تصاویر جاری کی ہیں جہاں نئے سیارے بن رہے ہیں۔ یہ ڈسک زمین سے تقریباً ایک ہزار نوری سال دور ہے اور اس کا پھیلاؤ 400 ارب میل ہے، جو ہمارے نظامِ شمسی سے 40 گنا زیادہ ہے۔
یہ ڈسک، جس کا سائنسی نام IRAS 23077+6707 ہے، انتہائی بے ترتیب اور ہلچل سے بھرپور ہے۔ اس کے گرد موجود مادّہ اوپر اور نیچے بکھرا ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس پر خلائی اثرات کام کر رہے ہیں۔
ناسا کے مطابق جب اسے کنارے سے دیکھا جائے تو یہ کسی برگر کی طرح نظر آتا ہے اور اسے ‘ڈریکولا چیویٹو’ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ نام تحقیق کرنے والی ٹیم کے دو ماہرین کی مناسبت سے رکھا گیا، جن میں سے ایک ٹرانسلوینیا اور دوسرا یوروگوئے سے ہے۔
تحقیقی نتائج دی ایسٹروفزیکل جرنل میں شائع ہوئے ہیں۔ مرکزی محققہ کرسٹینا مونش نے کہا کہ یہ دریافت سیاروں کی پیدائش کی تفصیلات کو بہتر سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ڈسک 10 سے 30 جیوپیٹر جتنا وزن رکھتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں مستقبل میں کئی نئے سیارے بن سکتے ہیں۔















