ایف آئی اے نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورے تھے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایف آئی اے نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث چھ انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔ یہ گرفتاریاں ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں کی گئیں۔
گرفتار ملزمان میں محمد قاسم، عبدالمنان، شکیل احمد، اجمل، سجاد حسین اور محمد عرفان شامل ہیں۔ ان کو لودھراں، بہاولپور، مظفر گڑھ اور ڈی جی خان کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزم محمد قاسم نے عراق ملازمت کے جھانسے سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے، عبدالمنان نے سعودی عرب ملازمت کے لئے 7 لاکھ 90 ہزار روپے، شکیل احمد نے عراق ملازمت کے لئے 14 لاکھ 60 ہزار روپے، اجمل نے عراق کے لئے 8 لاکھ روپے اور سجاد حسین نے سعودی عرب کے لئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے۔
محمد عرفان، جو تین مقدمات میں مطلوب تھے، نے بھی متعدد شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیائے۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم لے کر روپوش ہو گئے تھے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔















