اسرائیل نے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرتے ہوئے زراعت، صحت اور ٹیکنالوجی میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔
تل ابیب: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیل نے جمعے کو خود ساختہ جمہوریہ صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرلیا، دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے زراعت، صحت، ٹیکنالوجی اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کی خواہش ظاہر کی اور صومالی لینڈ کے صدر عبدالرحمان محمد عبداللہی کو اسرائیل کے دورے کی دعوت دی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ یہ اعلان ابراہم معاہدوں کی روح کے مطابق ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈیون ساعر اور صومالی لینڈ کے صدر نے باہمی تسلیم کے اعلامیے پر دستخط کیے۔ صومالی لینڈ کے صدر نے اسے علاقائی اور عالمی امن کی جانب قدم قرار دیا۔
صومالیہ کی حکومت نے اسرائیل کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا اور مصر نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صومالیہ، ترکیہ اور جبوتی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے کیے۔ وزرائے خارجہ نے خبردار کیا کہ علیحدگی کی حمایت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
صومالی لینڈ 1991 سے خودمختار ہے، تاہم ابھی تک دیگر ممالک نے باضابطہ تسلیم نہیں کیا۔ صومالیہ نے بین الاقوامی سطح پر کوشش کی کہ کوئی ملک صومالی لینڈ کو تسلیم نہ کرے۔














