ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ میٹرک آرٹس کے طلباء کو پری میڈیکل سمیت ہر گروپ میں داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ تعلیمی اصلاحات جاری ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک آرٹس کرنے والے طلباء کو پری میڈیکل سمیت ہر گروپ میں داخلہ لینے کی اجازت ہوگی۔
ڈاکٹر ملاح نے بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اصلاحات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی طلباء کو برطانیہ اور دیگر ممالک کی جامعات میں داخلے کی سہولت دی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال پاکستانی طلباء کو برطانیہ میں یونیورسٹی میں داخلے سے قبل ایک سال کا فاؤنڈیشن ائیر کرنا پڑتا ہے، جبکہ اس مسئلے پر بات چیت جاری ہے۔
آئی بی سی سی کی نئی پالیسیوں کے تحت، اے لیول یا او لیول کرنے والے طلباء اپنی تعلیمی اسناد آئی بی سی سی کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کر سکتے ہیں اور ایک ہفتے کے اندر برابری کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ملاح کا کہنا تھا کہ پاکستانی تعلیمی نظام میں بہت ساری پیچیدگیاں ہیں، جبکہ آرٹس گروپ میں 200 مضامین کے آپشنز موجود ہیں جو طلباء کو زیادہ مواقع فراہم کرتے ہیں۔















