سامسنگ کا ‘وائیڈ فولڈ’ فون 2026 میں ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کے مقابلے میں پیش کیا جا سکتا ہے، جس کا ڈسپلے زیادہ وسیع ہوگا۔
سیول: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سامسنگ ایک نئے فولڈ ایبل سمارٹ فون پر کام کر رہا ہے، جس کا نام ‘وائیڈ فولڈ’ بتایا جا رہا ہے۔ یہ فون 2026 کی دوسری ششماہی میں متوقع طور پر لانچ ہوگا۔ اس کا ڈسپلے موجودہ گلیکسی زی فولڈ اور زی فلپ ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ وسیع ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ‘وائیڈ فولڈ’ میں 7.6 انچ کا اندرونی ڈسپلے اور 5.4 انچ کا بیرونی اسکرین ہوگا۔ اندرونی اسکرین کا تناسب 4:3 ہوگا، جو پڑھنے، براؤزنگ، اور تصاویر دیکھنے کے لیے بہتر ہے۔
یہ فون ایسے وقت میں متوقع ہے جب ایپل بھی 2026 میں اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس طرح سامسنگ اور ایپل کے درمیان فولڈ ایبل فونز کی براہ راست مقابلہ آرائی کا امکان ہے۔















