مغربی کنارے میں 19 نئی اسرائیلی کی بستیوں کی منظوری، برطانیہ سمیت 14 ممالک کی شدید مذمت

14 ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی بستیوں کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
14 ممالک کا مغربی کنارے میں نئی بستیاں بسانے پر اسرائیل کی مذمت

لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ، کینیڈا اور فرانس سمیت 14 ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 19 نئی بستیوں کی منظوری کے اسرائیلی فیصلے کی مذمت کی ہے۔ اتوار کو اسرائیل کے شدت پسند وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے بستیوں کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

بدھ کی شب برطانیہ، فرانس، جرمنی، اسپین اور کینیڈا سمیت 14 ممالک نے اسرائیل سے اس فیصلے کو واپس لینے کی اپیل کی۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور غزہ میں نازک جنگ بندی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گدعون ساعر نے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کو درپیش سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی حکومتیں اسرائیل میں یہودیوں کے رہنے کے حق کو محدود نہیں کر سکتیں۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کا پھیلاؤ 2017 کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے بھی ان منظوریوں کی مذمت کی ہے، انہیں فلسطینی عوام کے حقوق کے خلاف قرار دیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں