لاہور کی نجی یونیورسٹی میں طالبعلم کی خودکشی کے بعد میوزیکل تقریب پر انتظامیہ کے رویے پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں حاضری کم ہونے پر کلاس سے نکالے جانے والے طالبعلم نے خودکشی کرلی۔ واقعے کی ویڈیو کے مطابق، طالبعلم نے عمارت کی چھت سے چھلانگ لگائی، جبکہ واقعے کے کچھ ہی دیر بعد یونیورسٹی میں میوزیکل تقریب منعقد کی گئی۔
کمالیہ سے تعلق رکھنے والا طالبعلم لاہور کی نجی یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔ حاضری کم ہونے پر اسے کلاس روم سے باہر نکال دیا گیا، جس کے بعد وہ عمارت کی چھت پر گیا۔
ویڈیو فوٹیج میں طالبعلم کو چند لمحے خاموش کھڑے دیکھا گیا، پھر اس نے حفاظتی جنگلہ پکڑ کر دیوار پر چڑھ کر نیچے چھلانگ لگا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق، وہ زمین پر گرنے کے بعد کچھ دیر تک موت و حیات کی کشمکش میں رہا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ خودکشی کا معاملہ ہے اور تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب، طلبہ نے انتظامیہ کے رویے پر سوالات اٹھائے ہیں کہ واقعے کے چند منٹ بعد ہی میوزیکل تقریب منعقد کی گئی۔













