لاہور کارپوریٹ ٹیکس آفس نے 2.64 ارب روپے کے انکم ٹیکس واجبات وصول کیے، یہ کارروائی ٹیکس نادہندگی کے سنگین معاملات کو نمٹانے کے لیے ایف بی آر کے مؤقف کی عکاس ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور نے ایک کارروائی کے دوران 2.64 ارب روپے کی ٹیکس واجبات کی وصولی کی ہے۔ یہ وصولی انکم ٹیکس کی مد میں ایک ٹیکس دہندہ سے کی گئی جو اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا تھا۔
ایف بی آر کے بیان کے مطابق یہ رقم ایک کامیاب تشخیصی کارروائی کے بعد مقرر کی گئی تھی۔ کارپوریٹ ٹیکس آفس نے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اس ٹیکس کی وصولی ممکن بنائی۔
یہ وصولی ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس نادہندگی کے معاملات کو مؤثر طریقے سے نمٹانے کی صلاحیت اور سرکاری محاصل کے تحفظ کی عکاس ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ یہ کارروائی ٹیکس نادہندگی کے سنگین معاملات سے نمٹنے کے لیے ایف بی آر کے مضبوط مؤقف کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ قانونی تقاضے اور انصاف کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز نے سی ٹی او لاہور کے افسران کی کاوشوں کو سراہا اور ایف بی آر نے رضاکارانہ تعمیل کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔















