کراچی میں کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نے نیشنل آئل ریفائنری کی لائن سے تیل چوری کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
شہر قائد میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے نیشنل آئل ریفائنری کی لائن سے تیل چوری کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
پولیس نے مہران ٹاؤن میں چھاپہ مار کر تیل چوری کے لیے بنائی گئی زیر زمین سرنگ دریافت کی۔ یہ سرنگ ایک کپڑے کے گودام میں کھودی گئی تھی۔ ملزمان نے 15 سے 16 فٹ گہرا کنواں کھودا تھا جس سے 140 میٹر طویل سرنگ بنائی گئی تھی۔
سرنگ نیشنل آئل ریفائنری کی آئل لائن تک پہنچنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گودام سے مٹی نکال کر ملیر ندی میں پھینکی جا رہی ہے، جس پر کارروائی کی گئی۔
ایس آئی یو نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور تیل چوری کے لیے استعمال ہونے والے اوزار برآمد کر لیے۔ ملزمان کو کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے حوالے کر دیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔















