پنجاب میں 35 ہزار سے زائد جانور اور پرندے ریسکیو، 7 کروڑ سے زائد جرمانے وصول کیے گئے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے سال بھر میں غیر قانونی شکار اور جنگلی جانوروں کے قبضے کے خلاف کارروائیوں کے دوران 35 ہزار سے زائد جانور اور پرندے ریسکیو کیے جبکہ 7 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد جرمانے وصول کیے۔
پنجاب کے وائلڈلائف رینجرز کے مطابق رواں سال کے پہلے دس ماہ میں 3 ہزار 749 مقدمات درج کیے گئے، جن میں سے 512 مقدمات میں عدالتوں نے 71 لاکھ 4 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔ مزید 3 ہزار 7 مقدمات کو تصفیہ کے ذریعے نمٹایا گیا، جن کے نتیجے میں 6 کروڑ 95 لاکھ 85 ہزار روپے بطور معاوضہ وصول کیے گئے۔
ریسکیو کیے گئے جانوروں میں 23 ریچھ، 27 شیراور ٹائیگر، 219 سپائن ٹیلڈلیزرڈ، 223 کچھوے اور 34 ہزار 484 پرندے شامل ہیں۔ چیف وائلڈلائف رینجرز مبین الہی نے بتایا کہ ریسکیو کیے گئے جانوروں کو طبی امداد فراہم کر کے محفوظ قدرتی مقامات پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔















